• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ چمن معمور ہوگا نغمہ توحید سے تحریر:قاری عبدالرشید …اولڈہم

اسلامی سال کا آغاز محرم الحرام سے ہوتا ہے اس اعتبار سے ربیع الثانی 1439ہجری کا چوتھا مہینہ شروع ہے اور سال عیسوی کا آغاز جنوری سے کیا جاتا ہے،مسلمانوں کی وسعت ظرفی ہے کہ وہ عیسوی سن و سال کو اسلامی سن و سال کے ساتھ چلاتے ہیں،یعنی ہمارے قومی اخبارات ہی دیکھیں۔ میں تو ہر روز جب تازہ اخبار شائع ہوتا ہے تو اس کی پیشانی پر اخبار کے نام کے نیچے آپ کو دونوں تاریخیں اور سن و سال روزانہ دیکھنے کو ملیں گے۔ دینی اجتماعات کے جتنے بھی پروگرام ہوتے ہیں وہاں اسلامی تاریخ و سال پہلے لکھ کر آگے بمطابق سال و تاریخ عیسوی ضرور لکھا جاتا ہے سرکاری دفتروں میں بھی بعض جگہوں پر دونوں تاریخوں کا اہتمام ہوتا ہے اور اکثر انگریزی تاریخ ہی لکھتے ہیں کہ وہاں کے مقیموں کو اسلامی مہینوں کے نام تک معلوم نہیں ہوتے تو ’’بے چارے‘‘ اسلامی تاریخ و سال کیسے اپنے دفتروں میں چسپاں کریں گے۔ بہرحال جہاں پر سرکاری سطح پر اس کا اہتمام ہوتا ہے وہاں دونوں تاریخیں عیسوی و ہجری لکھی ہوئی ملتی ہیں۔ اپنی شناخت باقی رکھ کر باقی اقوام کے ساتھ مل کر چلا بھی جا سکتا ہے اور ان کو ساتھ چلایا بھی جا سکتا ہے مگر یہ کام ہیں مسلمان حکمرانوں کے کرنے کے، اللہ تعالیٰ ان کو اسلامی غیرت و حمیت عطا فرمائے آمین۔خدا کرے یہ سال میرے لئے ’’دعوت اسلام‘‘ کو عام کرنے اور اس کو آگے پھیلانے کا ذریعہ بن جائے۔ دعوت اسلامی میں بنیاد اور اساس اللہ کی توحید ہے اور اس کے ساتھ شرک سے بیزاری بھی ضروری ہے۔کلمہ طیبہ کی ترتیب دیکھیں تو اس میں نفی پہلے ہے اور اثبات بعد میں، مطلب یہ کہ برتن صاف پہلے کیا جاتا ہے اور شے خالص اس میں بعد میں ڈالی جاتی ہے۔ یہی حال ہے کہ دل کا برتن اتنا صاف ہو کہ اس میں شرک کا کوئی جراثیم باقی نہ رہے، پھر اس میں توحید کا صاف و شفاف آب حیات ڈالا جائے۔

تازہ ترین