• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثناء اللہ زہری نےاستعفیٰ دے کر اپنی عزت بچالی،تجزیہ کار

کراچی(ٹی وی رپورٹ)سینئر تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ ثناء اللہ زہری نے مستعفی ہو کر عقلمندانہ فیصلہ کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد سازش نہیں جمہوری عمل ہے ،ثناء اللہ زہری نے استعفیٰ دے کر اپنی عزت بچالی ورنہ یہ بھی اپنی سینئر قیادت کے ساتھ مجھے کیوں نکالا کی قوالی میں شامل ہوجاتے، جمہوریت کے خلاف سب سے بڑے سازشی نواز شریف خود ہیں،نواز شریف اس دفعہ جان ہتھیلی پر لے کر نکلے ہوئے ہیں، نواز شریف کی ججوں کے خلاف تنقید درست نہیں ہے،عدالتی فیصلوں پر تنقید کا سب کو حق ہے لیکن ججوں اور عدالت کی تضحیک کرنے کا کسی کو حق نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار بابر ستار،ارشاد بھٹی، حفیظ اللہ نیازی، امتیاز عالم اور حسن نثار نے جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان وجیہہ ثانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میزبان کے پہلے سوال وزیراعلیٰٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری تحریک عدم اعتماد سے قبل ہی مستعفی ہونے پر کیوں مجبور ہوئے؟ کا جواب دیتے ہوئے ارشاد بھٹی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے مستعفی ہو کر تھوڑی تاخیر سے مگر عقلمندانہ فیصلہ کیا، ثناء اللہ زہری کیخلاف تحریک عدم اعتماد کوئی سازش نہیں بلکہ جمہوری عمل ہے جسے جاری رہنا چاہئے، وزیراعظم سمیت دیگر وزراء کے بلوچستان پہنچنے پر حیران ہوں،محمودخان اچکزئی مرکز کے لاڈلے بنے ہوئے تھے اس وجہ سے تمام ارکان نے اکٹھے ہو کر وزیراعلیٰ کو ہٹادیا،نواز شریف اگر سینیٹ الیکشن میں اکثریت نہیں لیتے تو کچھ نہیں ہوگا۔حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی بلوچستان میں حکومت ہے، وزیراعظم اور وزراء کے بلوچستان جانے میں کوئی اچنبھے کی بات نہیں ہے، پیپلز پارٹی کے رہنما بلوچستان جاتے ہیں تواچنبھے کی بات ہوسکتی ہے، میں اس پر زیادہ بات نہیں کرسکتا کیونکہ مریم صاحبہ نے بے شمار پابندیاں مجھ پر عائد کی ہیں،پاکستان پر کڑا وقت ہے،اللہ رحم کرے۔حسن نثار نے کہا کہ پاکستانی جمہوریت سے پیسہ اور پروٹوکول نکال دیا جائے تو کسی سیاسی جماعت کو صوبائی وقومی اسمبلی کا امیدوارنہیں ملے گا، ثناء اللہ زہری نے استعفیٰ دے کر اپنی عزت بچالی ورنہ یہ بھی اپنی سینئر قیادت کے ساتھ مجھے کیوں نکالا کی قوالی میں شامل ہوجاتے،سرفراز بگٹی نے بہت خوبصورت بات کی کہ قائدین میرے آقانہیں اور میں ان کاغلام نہیں ہوں،دعا ہے عزت نفس کا یہ وائرس پنجاب تک بھی پہنچ جائے۔امتیاز عالم کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے استعفے کو زیادہ وسیع تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے، پاک امریکا تعلقات کے تناؤ میں بلوچستان پر بہت خراب نظریں ہیں، ثناء اللہ زہری نے استعفیٰ دے کر اچھا کام کیا، پاکستان کی بڑی قوتیں کم از کم بلوچستان کو اپنی پنجہ آزمائی کامیدان نہ بنائیں، بلوچستان کو غیرمستحکم نہ کیا جائے۔بابر ستار نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے استعفے کا مرکز کی سیاست پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، پاکستان کی مرکزی دھارے کی جماعتوں کی بلوچستان میں جڑیں نہ ہونا سیاست کا بحران ہے،بلوچستان میں ن لیگ میں سارے فصلی بٹیرے شامل تھے۔
تازہ ترین