• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’شریف جونیئر‘‘ فیصلہ کریں عزت سے جانا ہے یا کسی اور طریقے سے؟طاہر القادری

لاہور(نمائندہ جنگ)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب اور وکلا سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل ’’شریف جونئیر‘‘ فیصلہ کریں عزت سے جانا ہے یا کسی اور طریقے سے؟ سلطنت شریفیہ کا اقتدار نزعی حالت میں ہے بہت جلد قوم کو بڑی خوشخبری ملے گی ۔بڑا شریف اللہ کی گرفت میں آیا،’’شریف جونیئر ‘‘ بھی مظلوموں کی آہوں کی لپیٹ میں آئے گا اور اب وہ وقت زیادہ دور نہیں ۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے ساتھ کھڑی ہونے والی سیاسی جماعتوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں ۔17جنوری کی احتجاجی تاریخ کے متفقہ اعلان سے حکمرانوں کے ایوانوں میں زلزلہ کی کیفیت ہے۔ احتجاج میں تمام جماعتوں کی بھرپور شرکت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جس جمہوریت میں وزیر اعظم سپریم کورٹ کے لارجر بینچ کے فیصلے کو ردّی کی ٹوکری میں پھینکنے کا شرمناک بیان دے اور قاتلوں اور لٹیروں کو تحفظ ملے ایسے نظام اور اسکے محافظوں کو اٹھا کر سمندر میں پھینک دینا چاہیے ۔17جنوری سے شروع ہونے والی احتجاجی تحریک قاتل اعلیٰ اور حواریوں کو انجام کے راستے پر ڈالے گی ۔طاہر القادری نے کہا کہ دو دہائیوں میں پہلی بار اپوزیشن قیادت ایک میز پر بیٹھی ہے جس کا اعزاز عوامی تحریک کو ملا ، اتفاق میں برکت کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
تازہ ترین