کراچی (اسٹاف رپورٹر) رواں سال ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی ایونٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت7 اپریل کو ایکشن میں ہونگے، پاکستانی ٹیم 5 اپریل کو ویلز کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی جبکہ 7 اپریل کو گرین شرٹس کو روایتی حریف بھارت کا چیلنج درپیش ہو گا۔ مینز ہاکی ایونٹس 5 سے 14 اپریل تک کھیلا جائے گا، مینز گروپ اے میں دفاعی چیمپئن اور پانچ مرتبہ کی چیمپئن آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا، جنوبی افریقا اور ا سکاٹ لینڈ، گروپ بی میں پاکستان، بھارت، انگلینڈ، ملائیشیا اور ویلز شامل ہیں، 5 اپریل کو مینز ایونٹ کے افتتاحی روز دو میچز کھیلے جائیں گے، پاکستان کو ویلز اور جنوبی افریقا کو اسکاٹ لینڈ کاسامنا ہو گا، 6 اپریل کو انگلینڈ کا مقابلہ ملائیشیا اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ کینیڈا سے ہو گا، 7 اپریل کو پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہو گی، ملائیشیا کا مقابلہ ویلز، کینیڈا کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ اور آسٹریلیا کا مقابلہ جنوبی افریقا سے ہو گا، 8 اپریل کو پاکستانی ٹیم اپنے تیسرے گروپ میچ میں انگلینڈ جبکہ 11 اپریل کو اپنا چوتھا اور آخری گروپ میچ ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی۔ 13 اپریل کو سیمی فائنلز جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 14 اپریل کو کھیلا جائے گا۔