امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے جان و مال اور عزت کا تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے ، معصوم بچی کے قتل سے ہر آنکھ اشک بار ہے۔
پشاور میں اسلامی جمعیت طلبہ کی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے قصور میں بچی کے قتل کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ بچی کا قتل درندگی کی بدترین مثال ہے ،فحاشی عریانی اور بے حیائی کے سیلاب کے آگے بند باندھنے کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہناتھاکہ ملزموں کو جلد از جلد گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے، واقعہ کے خلاف احتجاج کرنے والوں پر پولیس کی فائرنگ قابل مذمت ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ کرپٹ سیاستدانوں اورحکمرانوں نےہمیشہ پاکستان کاسوداکیااوراپنے بینک اکاونٹس میں اضافہ کیا، نوازشریف کی نااہلی کےبعد سپریم کورٹ پانامہ لیکس کےدوسرےکیسز پر کیوں خاموش ہے؟
ان کا کہناتھاکہ ملک کی سیاست، پارلیمنٹ اوردوسرےاداروںپرجاگیرداراورسرمایہ دار قابض ہیں، حکمران عوامی پیسےپرذاتی تشہیرکررہے ہیں ۔
سراج الحق نے کہا کہ ہمیں ٹرمپ کےڈالرزکی ضرورت نہیں ہے،پرویزمشرف کےہاتھ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے لوگوں کےخون سےرنگےہیں ،ان سےپائی پائی کاحساب لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں آکروی آئی پی کلچر کوختم کر کے فنڈزفلاح پرخرچ کریں گے جبکہ تعلیم اور صحت مفت ہوں گی ۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ مسلمان حکمرانوں نےبیت المقدس کےمسئلے پربے حسی کامظاہرہ کیا۔