ٹھٹھہ(نامہ نگار) فیصل ستار ایدھی نے تھرڈ سول جج ٹھٹھہ کی عدالت میں پیش ہوکر اپنا جواب جمع کرایا جس پر عدالت نے درخواست کی سماعت 20جنوری تک ملتوی کردی۔بعد ازاں سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا طویل عرصہ سے ٹھٹھہ میں قائم ان کا فلاحی مرکز بند کرانے کے بعد قومی شاہراہ کے کنارے جاری فلاحی سرگرمیاں بند کراکے ایدھی فاؤنڈیشن پر ٹھٹھہ سے چلے جانے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے وہ قومی شاہراہ کے کنارے جاری ایدھی ایمبولینس سروس کے خلاف سول کورٹ ٹھٹھہ میں دائر درخواست کی سماعت کے بعد عدالت کے باہر صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ فیصل ستار ایدھی نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن 1985 سے ٹھٹھہ میں انسانیت کی خدمت کر رہی ہے تاہم قبضہ مافیا ان کی فلاحی سرگرمیاں بند کرانا چاہتی ہے عدالت میں دائر کردہ درخواست اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، انہوں نے کہا کہ عدالت میں درخواست دے کر ہمیں فلاحی سرگرمیوں سے روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے ایدھی سینٹر ٹھٹھہ کے حوالے مقامی عدالت کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، امید ہے کہ عدالت انصاف کریگی، انہوں نے مسلسل ساتھ دینے پر ایدھی سینٹر بچاؤ ایکشن کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کنوینر ایدھی سینٹر بچاؤ ایکشن کمیٹی نذیر جاکھرو، اقبال جاکھرو، بھورو سرکی، رشید پلیجو و دیگر موجود تھے۔