پشاور(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ منفی وگندی سیاست کا جنازہ نکال کر خدمت و شرافت کی سیاست کا بول بالا کرنے کیلئے عوام کی طرف سے پی ٹی آئی کیخلاف جنگ کا بگل بجا دیا گیا ہے ‘چکوال میں مسلم لیگ کی شاندار کامیابی اور پی ٹی آئی کی عبرتناک شکست عوامی جھلک ہے‘ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کیخلاف دما دم مست قلندر ہو گا‘ کپتان کے تمام کھلاڑی کلین بولڈ ہو جائیں گے جبکہ خیبر پختونخوا کو بھی بنی گالہ تسلط سے نجات مل جائیگی ‘ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ کے ممتاز رہنما‘ سنٹرل کمیٹی کے رکن و صوبائی سینئر نائب صدر راشد محمود خان بابوزئی، صوبائی نائب صدر فرحان ظفر جھگڑا، صوبائی نائب صدر میاں سید بادشاہ ، صوبائی نائب صدر ملک ندیم خان، مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی اطلاعات خادم علی خان یوسفزئی، مسلم لیگ فاٹا کے سینئر رہنما سید ولی شاہ آفریدی اور مسلم پشاور سٹی ڈسٹرکٹ کے جنرل سیکرٹری ملک نور خان نے چکوال میں مسلم لیگ کی کامیابی کی خوشی کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘انہوں نے کہا کہ چکوال کے ضمنی الیکشن میں شاندار کامیابی سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ جمہوریت کیخلاف سازشوں کی وجہ سے مسلم لیگ سے عوام کی ہمدردیاں بڑھتی جا رہی ہیں‘عمران خان کا کام عوام کی خدمت نہیں‘ بلکہ دھرنے دینا نفرت پھیلانا، خواتین کی عزتوں سے کھیلنا، بار بار بیویوں کو طلاق دینا اور نئی نئی شادیاں کرنا ہے‘انہوں نے کہا کہ پختونوں کے معاشرے میں طلاق کو گالی سمجھا جاتا ہے عمران خان کی طرف سے دو بیویوں کو طلاق دینے اور پختونوں کی بیٹی عائشہ گلالئی پر بری نظر ڈالنے سے پختونوں میں عمران خان کیخلاف نفرت بڑھ گئی ہے۔