کوئٹہ (آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین بلوچستان کی صدر سابق صوبائی وزیر محترمہ غزالہ گولہ پارٹی کی سینئر رہنماء کلثوم افتخار ‘ رضیہ بلوچ ‘ پروین مینگل ‘ زرینہ زہری نے قصور میں 8 سالہ معصوم بچی زینب بی بی کو انسانی درندگی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر اس کے قاتل کو سرے عام پھانسی دے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں اورآئندہ اس طرح کا کوئی گھناؤنا واقعہ رونما نہ ہو۔ یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ غمزدہ خاندان کے اس غم میں برابر شریک ہیں کہ تاحال حکومت پنجاب اور پولیس انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے ملزمان کیفرکردار کو نہیں پہنچ سکے معصوم زینب بی بی کیساتھ ہونے والے ظلم اور ان کے اہلخانہ کیساتھ ان کا غم بانٹنے اور دلجوئی کرنے کے لئے قصور میں لوگوں نے پرامن احتجاج کیا تھا لیکن مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے دو شہری لقمہ اجل بن گئے ۔اس طرح کے انسانیت اور دلخراش واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے حکومت فوری طورپر ملزمان کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادے۔