عوامی مسلم لیگ کےسربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ تحفظ ختم نبوت بل کے پیچھے نواز شریف ہیں ، اگر میرے پاس علماء جیسی گدی اور لوگ ہوتے تونواز شریف کو گھر سے اٹھا لاتا ، نواز شریف قومی مجرم ہیں، انہوں نے جان بوجھ کر قومی خزانے کو برباد کیا ۔
جے یو پی نورانی کے زیر انتظام تحفظ ختم نبوت کے سلسلے میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ اپنے خطاب میں شیخ رشید نے کہاکہ موجودہ حالات میں آستانوں اور خانقاہوں سے حکومت کے خلاف لوگ نکلتے تو عوام ان کے پاؤں چومتے ۔
جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ مسلمانوں کا درد مشترک ہے ، انہیں پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لِئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
جے یو آئی س کےسربراہ مولانا سمیع الحق کاکہنا تھا کہ آج خانقاہوں اور تصوف کے مراکز میں علما اورمشائخ کی بڑی تعداد ہے ، انہی علماء نے پاکستان کو سیکولر ریاست بننے سے بچایا ہے ۔
جے یو پی نورانی کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے آل پارٹیز کا اعلامیہ پڑھ کر سنا یا ۔
اے پی سے میں خرم نواز گنڈا پور، حافظ محمد سعید ، مولانا طاہر اشرفی ، جمشید دستی ،امین شہیدی ،حافظ ابتسام الٰہی ظہیر، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔