اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی عائشہ سید نے سانحہ قصور کی شدید مذمت کرتے ہوئے مجرموں کو بے نقاب کرنے اور ان کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے بیان اورپولیس فائرنگ سے دو افرادکی شہادت کی مذمت کرتے ہیں۔ حکمران خود کوتحفظ دینے کے بجائے عوام کو تحفظ فراہم کریں، پنجاب کے وزیراعلیٰ کا کردار خادم اعلیٰ والا نہیں فرعون کے درباریوں والا ہے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی شعبہ خواتین پنجاب اور اسلام آباد کی عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عائشہ سید نے کہا کہ قصور کے سانحہ نے پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے ہر کوئی زینب کو اپنی بیٹی سمجھتا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی زینب کے والدین کے ساتھ ہے۔ اداروں کی غفلت کی وجہ سے ایک بچی 4 دن سے لاپتہ ہوئی ہے اور تمام اداروں کے باوجود بچی کی لاش برآمد ہوتی ہے۔ عوام کی جان، مال اور عزت کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اگر چاروں وزیراعلیٰ ہماری بچیوں کی حفاظت نہیں کر سکتے تو استعفیٰ دے دیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی طرف سے لواحقین کو چیک پکڑانے سے معاملہ ختم نہیں ہو گا۔