• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گوجرانوالہ معیشت کی ترقی میں بہترین کردار ادا کرسکتا ہے،زاہدحسین

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ کراچی اور فیصل آباد کے بعد ملک کا تیسرا بڑا صنعتی شہر ہے اورپاکستان میں پنکھے،موٹرپمپس، واشنگ مشینیں اور بہت ساری قابل برآمد اشیاء بنانے کا مرکزہے جس کا اعتراف بیرون ملک سے گوجرانوالہ آنے والے وفود نے بھی کیا ہے۔ اگرحکومتی ادارے توجہ دیں تو لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرنے والا یہ شہر برآمدات، زرمبادلہ اور روزگار بڑھانے کا سبب بن سکتا ہے۔میاں زاہدحسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ گوجرانوالہ کی چھوٹی صنعتوں اور سرکاری اداروں کے مابین خلیج کم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک اس کے علاوہ حقیقی پوٹینشل سے فائدہ اٹھا سکے۔ گوجرانوالہ میں 20ہزار سے زیادہ انڈسٹریل یونٹس لگے ہوئے ہیں مگر انھیں حکومتی توجہ سے محرومی کی شکایت ہے۔ انکا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ نے ماضی میں قومی معیشت میں قابل تعریف کردار ادا کیاہے۔ پالیسی ساز اگر صنعتوں کے مالکان کی شکایات کو حل کرنے میں مدد کریں تو آ ج بھی یہ شہر قومی معیشت کی ترقی اور زرمبا دلہ میں اضا فے کیلئے بہترین کردار ادا کرسکتا ہے ۔ اس شہر کی پیداوار میں اناج، گنا، کپاس ،پلاسٹک ، فرنیچراور ایشیا کے بہترین چاول کے علاوہ اونی ملبوسات، گھی، تیل، مشینری، پنکھے، واشنگ مشینیں، روم کولرز، ہیٹرز، گیس اسٹوو، برتن، کٹلری، سینیٹری اوراسٹیل پائپ وغیرہ شامل ہیں جو 20سے زیادہ ممالک کوبرآمد کر کے نصف ارب ڈالر سے زیادہ کا زرمبادلہ حاصل کیا جا تا ہے ۔ یہاں کی کاروباری برادری کو سرخ فیتہ، کرپشن، صنعتی انفراسٹرکچر کی کمی، پالیسیوں کے عدم استحکام، قرضوں کی فراہمی میں رکاوٹ ، مارکیٹنگ کی سہولتوں کے فقدان اور توانائی کی کمی کا سامنا ہے جس سے انکی ترقی کا عمل رُکا ہوا ہے۔
تازہ ترین