• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن2018 کیلئے سکھر میں اجلاس، تعلقہ اور یوسی سطح کے نقشے فراہم

سکھر (بیورو رپورٹ) الیکشن 2018کے انتظامات کے سلسلے میں اعلیٰ سطح کا اجلاس کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اہم معاملات زیر غور آئے ۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ سکھر ، خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز نے تعلقہ اور یوسی سطح تک آئندہ الیکشن کے سلسلے میں نقشے فراہم کردیئے ہیں جبکہ کمشنر سکھر نے مقامی اداروں کے محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہری علاقوں میں قائم ٹاؤن ، یونین اور میونسپل کمیٹیوں کے نقشے فوری طور پر فراہم کریں ۔ ریجنل الیکشن کمشنر سکھر ڈویژن نے اجلاس کو ڈیٹا 2017-18کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکھر ڈویژن کی کل آبادی 55لاکھ 38 ہزار 221ہے ، جبکہ آئندہ الیکشن میں 22لاکھ 9ہزار 32ووٹرز اپنا حق رائے دہی کا استعمال کریں گے جس میں 12لاکھ 25 ہزار 313 مرد اور 9لاکھ83 ہزار719خواتین شامل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ شماریات کی جانب سے نئی مردم شماری کے تحت ملنے والے اعداد شمار کے بعد ڈیٹا میں اضافہ ہوا ہے ، آئندہ عام انتخابات کے لیے سکھر ضلع میں 590، گھوٹکی میں 585اور خیرپور میں874مجموعی طور پر 2049 پولنگ اسٹیشنزکا قائم ہوں گی ، جبکہ گذشتہ الیکشن میں کل اعداد شمار 1722ہوا ۔ریجنل الیکشن کمشنر سکھر نے بتایا کہ ووٹر لسٹوں کی تصدیق ، تصحیح اور نئے شناختی کارڈ رکھنے والوں کی رجسٹریشن کا عمل 15جنوری سے18فروری تک جاری رہے گا ۔ نئی ووٹر لسٹوں کی اشاعت 6مارچ سے4اپریل تک کی جائیگی جس پر اعتراضات اور دعویٰ 14 اپریل تک نمٹائے جائینگے ۔ 30اپریل تک حتمی ووٹر لسٹیں شایع کی جائینگی ۔ درستگی ، نئی رجسٹریشن اور ختم کرنے کے لیے اے بی سی فارم جاری کئے جائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن کی (جی آئی ایس)سروے کا کام 90فیصد مکمل کیا گیا ہے ۔ کمشنر سکھر ڈویژن ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنزکے باہر اور ہر بوتھ کے اندر سی سی ٹی وی کیمرائیں نصب کی جائینگی تا کہ امن و امان پر ضابطہ رکھا جا سکے اور الیکشن کے عمل کو صاف و شفاف اور غیر جانبدار بنایا جا ئے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرکے وہاں سہولیات کی کمی کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کریں جہاں سہولیات کی کمی موجود ہو وہاں متبادل سہولیات فراہم کی جائینگی جبکہ پینے کا صاف پانی ، بجلی اور واش روم کا ہونا لازمی ہے، کمشنر سکھر نے کہا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقوں میں حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کرینگے۔
تازہ ترین