مانچسٹر (نمائندہ جنگ) سانحہ قصور کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ واقعہ کے ملزم کا گرفتار نہ ہونا پنجاب پولیس پر سوالیہ نشان ہے۔ بے قصور بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کی لرزہ خیز واقعہ نے ہر آنکھ اشکبار کردی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستانی کمیونٹی سینٹر میں عمران خان لور یوکے، کے زیراہتمام منعقدہ دعائیہ تقریب سے اسلامی سکالر علامہ محمد شاہجہان مدنی، آصف رشید بٹ، چوہدری بلال گجر، شہناز صدیقی، چوہدری محمد نواز، چوہدری آفتاب کسانہ، محمد اشرف، علی رضا، انعام الرحمٰن سہری، محمد زبیر، رضابٹ، روبینہ خان، فاطمہ اقبال، ناہید چوہدری، محمد الیاس نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان رہنمائوں نے کہا کہ ہم حکومت سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ملزموں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ واقعہ میں جو بھی ملوث ہے اسے سرعام سزائے موت دی جائے تاکہ بعد میں کوئی ایسی حرکت نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ قصور میں بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، ہزاروں سیکورٹی اہلکار کرپٹ اور نااہل حکمرانوں کی حفاظت کے لیے تعینات ہیں اور قوم کی بیٹیاں بھیڑیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی معاشی اور اخلاقی تباہی کا سبب بن گئی ہے جو حکمران بچوں اور بچیوں کو تحفظ نہیں دے سکتے انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں۔ تقریب میں قتل ہونے والے بچوں کی یاد میں شمع بھی روشن کی گئی اور ان کے لیے دعا مانگی گئی۔