کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان والی بال فیڈریشن نے خواتین میں اس کھیل کو مقبول بنانے کے لئے جمعرات سے کراچی کے نیشنل کوچنگ سینٹر میں 15روزہ تربیتی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان والی بال فیڈریشن کے سکریٹری شاہ نعیم ظفر نے جنگ کو بتایا کہ کھلاڑیوں کی کوچنگ کے لئے انٹر نیشنل ایرانی والی بال کوچ حامد موادی جمعرات کو دوپہر بارہ بجے کراچی پہنچیں گے اور شام کے سیشن میں کھلاڑیوں کو ٹریننگ دیں گے، اس کیمپ کے لئے فیڈریشن نے ملک بھر سے20 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے۔ مقامی کوچ شاہد مسعود، شافیہ، کوثر ایرانی کوچ کی معاونت کریں گے، انہوں نے کہا کہ پشاور میں اگلے ماہ قومی خواتین والی بال چیمپئن شپ کے بعد دوسرا مر حلہ لاہور یا اسلام آباد میں لگایا جائے گا،جس میں مزید دس کھلاڑیوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ خواتین کھلاڑیوں کو انٹر نیشنل میچوں کا تجربہ دلانے کے لئے فیڈریشن نے غیر ملکی دورہ کا بھی پرگروم تر تیب دیا ہے، اس بات کا بھی امکان ہے کہ اس سال کے وسط میں پاکستان میں تین یا چار قومی خواتین والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے ۔