اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)نیشنل پریس کلب نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر الطاف حسین اور وائس چانسلر شہید ذوالفقارعلی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے اعزاز میں الوداعی پارٹی منعقد کی۔ جس میں صدر نیشنل پریس کلب طارق محمود چوہدری، سیکرٹری شکیل انجم ، جوائنٹ سیکرٹری ندیم چوہدری ، فنانس سیکرٹری نوشین یوسف ، ممبرز گورننگ اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر طارق چوہدری، سیکر ٹری شکیل انجم نے اپنے خطاب میں ڈاکٹر الطاف اور وائس چانسلر پمز جاوید اکرم کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں صحافیوں کو صحت کارڈ کی فراہمی کو یقینی بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ پمز کے دونو ں سربراہان ریٹائرڈ ہورہے ہیں لیکن صحافی برادری میں ہمیشہ ان کا نام زندہ جاوید رہے گا۔ ڈاکٹر الطاف نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹرزاور صحافی کا رشتہ ایک خاندان جیسا ہے۔ صحافیوں کیلئے انٹائٹلمنٹ کارڈ کی فراہمی سفید پوش طبقہ کو مفت سہولت فراہم کرنا مقصود تھا کیونکہ سفید پوش طبقہ زکوٰۃ فارم نہیں لے سکتا اور اپنی غربت بھی ظاہر نہیں کرسکتا ہے اب وہ اپنا حق سرکاری طور پر گریڈ 18آفیسر کے برابر لے سکتا ہے۔ وائس چانسلر پمز جاوید اکرم نے کہا کہ صحت کا شعبہ ایک ٹیکنیکل بیٹ ہے۔ ہیلتھ پر صحافیوں کے مختلف ورکشاپ کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹرز ار صحافیوں کے درمیان بہترین روابط سے ہی لوگوں میں مختلف امراض و تدراک کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ آخر میں انہوں نے پریس کلب کی جانب سے الوداعی تقریب پر نئی منتخب باڈی کا شکریہ ادا کیا۔