راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)سینٹرل جیل اڈیالہ میں اسیروں کابوجھ کم کرنے کے لئے راولپنڈی ریجن میں دونئی ڈسٹرکٹ جیلیں اورتین سب جیلیں بنانے کافیصلہ کرلیاگیا۔ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل اڈیالہ میں گنجائش سے زیادہ اسیروں کی وجہ سے پنجاب حکومت نے راولپنڈی ریجن کے اضلاع راولپنڈی اورچکوال میں دونئی ڈسٹرکٹ جیلیں اورمری ،پنڈدادن خان اورپنڈی گھیب میں سب جیلیں بنانے کافیصلہ کیاہے ۔ ڈی آئی جی جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن چودھری نویدرؤف نے جنگ سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ صوبائی حکومت نے نئی جیلیں بنانے کی منظوری دی ہے اس سلسلے میں راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ جیل کے لئے گرانٹ جاری کردی گئی ہے ،جب کہ چکوال کی سب جیل کوڈسٹرکٹ جیل کادرجہ دیاجارہاہے جب کہ مری ،پنڈدادن خان اورپنڈی گھیب میںسب جیلیں بنائی جارہی ہیں۔ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ اڈیالہ جیل میں موبائل فون کے استعمال کوروکنے کے لئے مؤثراقدامات کئے گئے ہیںاوراس حوالے سے آرمی کے ادارے این آئی ٹی سی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اورمذکورہ ادارے نے ہی موبائل جیمرزلگائے ہیں اورانہیں کاعملہ ان کی نگرانی پرمامورہے جس کی وجہ سے موبائل فون کے غلط استعمال پربڑی حدتک قابوپالیاگیا ہے ،ان کاکہناتھاکہ اڈیالہ جیل میں انڈرگراؤنڈ فائرنگ رینج سے جیل عملے کی فائرنگ کی استعداداورنشانہ بازی بہترہوگی ڈی آئی جی نویدرؤف نے بتایاکہ ملازمین کے لئے رہائشی اپارٹمنٹ اورڈسپنسری کے قیام سے ان کی استعدادکارمیں اضافہ ہوگا انہوں نے کہاکہاسیروں کے لئے فیملی رومزکی تعمیرکانوے فیصد کام مکمل ہوچکاہے اوراب فنشنگ ہورہی ہے ۔