سانگھڑ(نامہ نگار) شاہ بیلو جنگل میں پولیس کے چھاپے کے دوران تمام مغوی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے پیپلز پارٹی سانگھڑ کے رہنما سردارفاروق بلوچ 41 روز ڈاکوئوں کی قید سے نکل کر گھر واپس پہنچ گئے فاروق بلوچ کو نوابشاہ سے اوکاڑہ جاتے ہوئے ٹرین سے اغوا کیا گیا تھا سانگھڑ پہنچنے پر فاروق بلوچ نے بتایا کہ دور ا ن سفر کسی شخص نے انہیں اصرار کے بعد جوس پلایا جس کے بعد وہ بے ہوش ہوگئے، ہوش آنے پر انہوں نے خودکو ایک گھنے جنگل میں پایا اس دوران ڈاکو ان کے موبائل فون سے گھر والوں سے ابتدا میں پانچ کروڑ اور بعد ازاں ڈیڑ ھ کروڑ تاوان کا مطالبہ کرتے رہے انہوں نے بتایا کہ ان ۔ کےعلاوہ جنگل میں واقع جھونپڑی میں دیگر 7 مغوی بھی موجود تھے جنہیں مختلف مقامات سے اغوا کرکے لایا گیا تھا تاہم پولیس مقابلے کا فائدہ اٹھا کر تمام مغوی فرار ہوگئے اور وہ پیدل مسافت طے کرکے کشمور پہنچے جہاں سے وہ اپنے گھر سانگھڑ پہنچنے میں کامیاب ہوئے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، سید خورشید علی شاہ، منظور وسان، ضیاء لنجار اور دیگر رہنمائوں نے رہائی کیلئے بہترین کوششیں کیں۔