جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں ظلم و جبر کو شکست جبکہ حق کی فتح ہوگی،انہوں نےیہ بات لودھراں کی اہم شخصیات کی تحریک انصاف میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر کہی۔
جہانگیر خان ترین نے یونین کونسل چھمب کلیا ر کا دورہ کیا جہاں صدیق بلوچ کے قریبی ساتھیوں چوہدری عبدالشکور او چوہدری ساجد گجر نے جہانگیر خان ترین سے ملاقات کے بعد اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور دیگر برادریوں کی سرکردہ شخصیات کے ہمراہ تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
جہانگیر ترین نے چوہدری عبدالشکو ر اور چوہدری ساجد گجر کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اچھے اور باکردار سیاست دانوں کی شمولیت سے پی ٹی آئی لودھراں میں مزید مضبوط ہورہی ہے ۔انشاء اللہ سب ملکر لودھراں کو ترقی یافتہ ضلع بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔
ن لیگ چھوڑنے والے چوہدری عبدالشکور اور چوہدری ساجد نے کہا کہ جہانگیر ترین حقیقی معنوں میں لودھراں کے عوام کے مسیحا ہیں، لودھراں کی بہتری اور خوشحالی کے لئے ضمنی الیکشن میں علی ترین کو کامیاب کرائیں گے ۔جہانگیر ترین نے گزشتہ روز پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے ملک منیر حسین بھٹہ سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔
یونین کونسل خان واہ گھلواں میں میں محمد رفیق وٹو کی رہائش گاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ کارکنان کا جوش و ولولہ اور تبدیلی کے لئے عزم دیکھ کر ثابت ہوچکا ہے کہ ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی کامیابی یقینی ہے ۔ن لیگ الیکشن میں دھاندلی کی ماسٹر مگر کارکن دھاندلی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائیں ۔ انشاء اللہ ضمنی الیکشن میں ظلم و جبر کو شکست جبکہ حق کی فتح ہوگی ۔
مختلف یونین کونسلوں میں پہنچنے پر جہانگیر ترین کا والہانہ استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔جہانگیر ترین نے گزشتہ روز یونین کونسل قریشی والا ،خان وا ہ گھلواں ،چھمب کلیار کے علاقوں میں مختلف شخصیات کی وفات پر انکے ورثاء سے تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پرڈاکٹر شیر محمد اعوان، سردار ارشاد عباس گھلو،ملک ایوب گھلو ، ملک شاہنواز بھٹہ و دیگر بھی ہمراہ تھے۔