مردان،پشاور(صباح نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس نے کمسن عاصمہ کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات کرتے ہوئے ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے 200 افراد کے نمونے حاصل کرلیے۔مر دا ن کی کمسن عاصمہ کا قاتل10دن بعد بھی نہ پکڑا جا سکا۔ پشاور پولیس کے مطابق عاصمہ کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے 200 افراد کے نمونے حاصل کرلیے ہیں جبکہ فارنزک رپورٹ آنے کا انتظار کیا جارہا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس میں تفتیش کیلئے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور مقتولہ عاصمہ کے قریبی رشتے داروں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ڈی پی او مردان میاں سعید کا موقف تھا کہ بچی کی موت گلا گھونٹنے سے ہوئی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زیادتی کی کوئی نشاندہی نہیں کی گئی۔دریں اثناء پشاور سے مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس نے مردان کی عاصمہ کیس میں پنجاب پولیس سے مدد لینے کی تصدیق کر دی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی این اے نمونہ ٹیسٹ کیلئے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری بھیجا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبوں کی پولیس کےمابین رابطےاورمددلینا معمول کی بات ہے ۔