کراچی(پ ر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ شہید حکیم محمدسعید ایک عظیم طبیب ہی نہیں بلکہ مخیر انسان اور سیاستداں بھی تھے، حکیم صاحب کے نام سے ایوارڈ کا اجراء پاکستانیت کو فروغ دینے میں بہت معاون ثابت ہوگا،وہ شہید حکیم سعید ایوارڈز کی تقریب تقسیم سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام ادارہ ہمدرد کی جانب سے کیا گیا تھا۔مختلف شعبوں میں نمایاں کار کر دگی پر 10معروف شخصیات کو ایوارڈ دئے گئےجن میں پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمٰن، سسٹر روتھ لیوس، انور مسعود، ڈاکٹر عبدالباری خان، اعتزاز حسن شہید، امجد اسلام امجد، ڈاکٹر سید ادیب الحسن رضوی، سرفراز احمد، بشریٰ رحمٰن اور مسعود احمد برکاتی مرحوم شامل ہیں۔ انہوں نے نوعمر طالب علم اعتزاز حسن بنگش کو حکیم محمد سعید ایوارڈ دیئے جانے کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتا تو وہاں سے بھاگ کر اپنی جان بچا سکتا تھا مگر اس نے اپنے ساتھی طلبہ کی جانیں بچانے کے لیے اپنی جان قربان کر دی ۔سعدیہ راشد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ایوارڈ کو حکیم محمد سعید کے نام سے اس لیے منسوب کیا گیا ہے کہ حکیم صاحب خدمت خلق پر یقین رکھتے تھے اور انسانوں کی خدمت ان کے ایمان کا جزو تھا، انہوں نے اپنے منعفت بخش ادارے کی آمدنی کو لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر دیا۔ اس سے قبل منیجنگ ڈائریکٹر اینڈ سی ای او اسامہ قریشی نےخطبہ اسقبالیہ پیش کیا۔