• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی کوچ پاکستانی والی بال پلیئرز کی صلاحیتوں سے متاثر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے ایرانی والی بال کوچ حامد مواحدی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں والی بال کا بے پناہ ٹیلنٹ ہے، کھلاڑیوں کو فٹنس لیول میں بہتری لانا ہوگی ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرپاکستان والی بال فیڈریشن کے سیکریٹری شاہ نعیم ظفر اور سندھ کے سیکریٹری شاہد مسعودبھی موجود تھے۔ حامد مواحدی ایران ،لبنان ،نیپال اور مالدیپ کی قومی ٹیموں کے علاوہ جرمنی سمیت متعدد یورپی ممالک کے کلبز کی کوچنگ بھی کر چکے ہیں ۔ پاکستان والی بال فیڈریشن نے ان کی خدمات ایک سال کے لئے حاصل کی تھیں جس میں اب مزید ایک سال کی توسیع کر دی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ 12سال قبل پاکستان اور ایران کا لیول ایک ہی تھا تاہم ایران نے لانگ ٹرم پلان بناکر اپنی جونیئر اور یوتھ ٹیموں کو گروم کیا اور اب ہم ایشیا میں نمبر ون اور ورلڈ نمبر تین ہیں ۔ پاکستان میں بھی طویل مدتی منصوبے پر کام کیا جائے تو آئندہ چند برسوں میں والی بال میں نمایاں کامیابی حاصل کر سکتا ہے ، جونیئر اوریوتھ لیول پر لڑکے بہت اچھے ہیں ان کا فٹنس لیول بھی بہتر ہے لیکن ابھی بھی بہت کام کی ضرورت ہے ، کراچی میں جاری خواتین کے تربیتی کیمپ میں بھی کئی با صلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو انٹر نیشنل لیول پر پاکستان کی نمائندگی کر سکتی ہیں ۔ آئندہ چھ ماہ میں ہم نے ایشین یوتھ ، ایشین جونیئر چیمپئن شپ کے ساتھ ساتھ ایشین چیمپئن شپ میں بھی شرکت کرنی ہے جس کے لئے پلان تیار کر لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مجھے سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں رہا ، پاکستان اب مجھے اپنا دوسرا گھر لگتا ہے ، یہاں کے کھانے بھی بہت اچھے لگتے ہپں کراچی میں مقامی کوچز کے ساتھ کام کرکے بہت خوشی ہے۔ 
تازہ ترین