مردان(نمائندہ جنگ )مردان میں ایک اور ننھی پری جنسی تشدد کا نشانہ بن گئی ،وحشی درندے کو گرفتارکرلیاگیا۔تیسری جماعت کی طالبہ روبینہ کو پڑوسی 45سالہ نواب بہلا پھسلا کر کھیتوں میں لے گیا،مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، پولیس کے مطابق کاٹلنگ کے علاقہ خرکی میں تیسری جماعت کی طالبہ روبینہ گھر کے قریب کھڑی تھی کہ اس کے پڑوسی 45سالہ وحشی درندے محمد نواب اسے بہلا پھسلاکر گنے کے کھیتوں میں لے گیا او رمبینہ طورپر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ واقعے کی خبر ملنے کے بعد شہریوں میں شدید غم وغصے کی لہر دوڑ گئی متاثرہ بچی کو کاٹلنگ ہسپتال منتقل کردیاگیا جہاںاسے طبی امداد دی گئی اور معائنہ کیاگیا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرڈاکٹر میاں سعید احمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ ملزم کو گرفتار کرلیاگیاہے۔ واقعے کے بعد ضلع ناظم حمایت اللہ مایار ،نائب ناظم اسد علی اور پبلک سیفٹی کمیشن کے چیئرمین حاجی عبدالعزیز متاثرہ بچی کے گھر پہنچ گئے اور واقعے کے حوالے سے تفصیلات معلوم کیں تینوں رہنما ہسپتال بھی گئے ۔ ضلع ناظم نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزم کو سخت ترین سزادلوانے کا مطالبہ کیاہے ۔