کوئٹہ (خ ن) بلوچستان اسمبلی کے سابق اسپیکرمحمد اسلم بھوتانی نے محکمہ فشریز میں بھرتیوں کے حوالے سے شائع ہونے والے اشتہار پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان اورمحکمہ فشریز کے وزیر سے ان آسامیوں پر گوادر اور لسبیلہ کو ان کاجائزحق دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے نظرثانی کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل 170 اسامیاں مشتہر کی گئی ہیں جن میں لسبیلہ ضلع کو صرف 2 اور گوادر کو 15آسامیاں دی گئی ہیں جوکہ سرا سر ناانصافی ہے جبکہ محکمہ فشریز کی اصل روح ساحل سمندر ہے جوگڈانی سے جیوانی تک 1100 کلومیٹر پر محیط ہے اور اسی ساحل کی وجہ سے فشریز کے محکمہ کا وجودہے۔سابق اسپیکر نے امیدکااظہار کیا کہ نئے وزیر اعلیٰ اس فیصلے پر نظرثانی ضرورکریں گے جس میں لسبیلہ کویکسر نظر انداز کیا گیا ہے ۔