سکھر (بیورو رپورٹ،چوہدری محمد ارشاد) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سینیٹ اور عام انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے، مجھے جو خدشات تھے وہ دور ہوگئے ہیں اور اب حالات بہتر نظر آرہے ہیں، عمران خان نے پارلیمنٹ کے بارے میں جو کچھ کہا مجھے اس پر دکھ، رنج اور افسوس ہوا، کاش یہ بات نہ ہوئی ہوتی۔ وہ سکھر بیراج کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ سردار ایاز صادق نے کہاکہ ہر ادارے کو اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کرنا چاہیے، ہمیں ایک دوسرے کے بارے میں سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔