سکھر (بیورو رپورٹ) سکھر پولیس کی جانب سے ضلع کے مختلف علاقوں میں روپوش، اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور منشیات فروشوں و جوئے کے اڈوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا گیا۔ مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 17روپوش و اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکلیں و دیگر چوری کا سامان برآمد کرلیا گیا، اسنیپ چیکنگ کے دوران 12 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا جن کے کوائف مکمل مکمل نہیں تھے جبکہ 8موٹر سائیکلیں بھی شک کی بنیاد پر تحویل میں لے لی گئیں۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان کی فضاء کو مکمل طور پر بحال رکھنے، ڈاکوؤں، جرائم پیشہ، روپوش و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور سماجی برائیوں، جوا و منشیات کے اڈوں کیخلاف کریک ڈاؤن تیز کردیا ہے۔ ضلع کے مختلف تھانوں اے سیکشن، بی سیکشن، دادلو، آباد، رضا گوٹھ، نیوپنڈ، پنوعاقل، جھانگڑو، صالح پٹ کی حدود میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 17 روپوش و اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، جن میں دیدار، بشیر، ضمیر، غلام محمد، محمد حسین، جمن، مرزا، عبدالستار، اظہر، گلزار، نجیب، عبدالغفار، عبدالسمیع ودیگر شامل ہیں، ملزمان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکلز و دیگر چوری کا سامان برآمد ہوا ہے۔ جبکہ ضلع کے مختلف علاقوں میں اسنیپ چیکنگ اور تلاشی کے دوران 12سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن کے کوائف مکمل نہیں تھے، مشتبہ افراد سے تفتیش کی جارہی ہے اور 8سے زائد موٹر سائیکل شک کی بنیاد پر تحویل میں لی گئی ہے۔ جبکہ شہر سمیت ضلع بھر کے تمام علاقوں میں نشہ آور مصنوعات خاص طور پر پان پراگ، گٹکا فروخت کرنیوالوں کیخلاف بھی بھرپور کارروائیاں کی جارہی ہیں، نشہ آور اشیاء بالخصوص پان پراگ، گٹکا انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہے اور اس کے استعمال سے لوگوں کے کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہونے کے خدشات زیادہ ہوتے ہیں اور متعدد افراد جن میں زیادہ تر نوجوان شامل ہیں موذی مرض کینسر کا شکار ہوکر اپنی زندگی کی بازی بھی ہار گئے ہیں، ان مصنوعات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کے لئے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے تمام اضلاع کے پولیس افسران کو سختی سے ہدایات دی ہیں کہ ڈاکوؤں، جرائم پیشہ، سماج دشمن عناصر، روپوش و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ معاشرتی برائیوں کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، بالخصوص گٹکا، پان پراگ و دیگر مضر صحت و نشہ آور ممنوعہ اشیاء کی فروخت کو روکا جائے اور ان مضر صحت و نشہ آور ممنوعہ اشیاء کی فروخت کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچایا جاسکے۔ شہر سمیت ضلع کے تمام تھانوں کے ایس ایچ او ز کو سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنی حدود میں مضر صحت نشہ آور ،گٹکا، پان پراگ فروخت کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائیں ، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، نشہ آور پان پراگ، گٹکا سمیت دیگر مصنوعات کا استعمال انسانی صحت کے لئے انتہائی مضر ہے، خاص طو رپر ہماری نوجوان نسل اس سے بری طرح متاثر ہورہی ہے، ان سکھرکے سیاسی، سماجی، عوامی، تجارتی حلقوں نے آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی سندھ بھر میں ان نشہ آور مصنوعات فروخت کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کے احکامات اور ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کی جانب سے نشہ آور مصنوعات کیخلاف جاری کریک ڈاؤن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پولیس کی جانب سے ان مضر صحت و ممنوعہ اشیاء کی فروخت کو روکنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں، جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، لوگوں کی بڑی تعداد جن میں خاص طور پر نوجوان شامل ہیں وہ گٹکا، پان پراگ و دیگر نشہ آور مصنوعات نہ ملنے کے باعث پریشان دکھائی دے رہے ہیں اور نشہ آور مصنوعات استعمال کرنیوالے لوگوں نے متبادل کے طور پر تمباکو والا پان استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نشہ آور مضر صحت مصنوعات فروخت کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گٹکا ،پان پراگ کی فروخت کو روک کر نوجوان نسل کو تباہ ہونے سے بچایا جائے۔