• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جاپان :ملک نور اعوان بھارتی سفارت کار سے الجھ گئے

مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان جاپان میں بھی بھارت کے خلاف کشمیریوں کی حمایت میں مظاہرے کے دوران بھارتی سفارتکار سےالجھ گئے ،موقع پر پولیس کی بڑی تعداد وہاں موجود تھی اس نے ملک نور اعوان کو قابو کرکے صورتحال کو سنبھالا۔

تفصیلات کے مطابق کشمیر ڈے کے موقع پر ٹوکیو میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب بھارتی سفارتخانے کے ایک اعلیٰ افسر نے سفارتخانے سے باہر آکر جاپانی پولیس اہلکاروں سے پاکستانی مظاہرین کے خلاف بات چیت کی اور مبینہ طور پر اشارے کیے۔

بھارتی سفارت کار کو اشاروں ملک نور اعوان اپنے غصے پر قابو نہ رکھ سکے اور بھاگتے ہوئے بھارتی سفارتکار کو پکڑنے اور دست و گریباں ہونے کی کوشش کی تاہم جاپانی پولیس کی بڑی تعداد نے ملک نور اعوان کو راستے میں ہی روک لیا،لیکن شور شرابے کے باعث وہاں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔

پاکستانی مظاہرے کے شرکاءاور جاپانی پولیس نے مشترکہ طور پر ملک نور اعوان کو قابو کیا ،اس موقع پر ملک نور اعوان نے کہا کہ بھارتی سفارتکار نے پاکستانی مظاہرین پر جملے کسے اور غلط اشارے کئے جس پر وہ اپنے جزبات قابو نہ رکھ سکے۔

ان کا کہناتھا کہ ایک جانب تو بھارت ہمارے کشمیری بھائیوں کا قتل عام کررہا ہے دوسری جانب اس کے سفارتکار پر امن مظاہرے کے شرکاء کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کررہے ہیں، انھوں نے امید ظاہر کی آج ہونے والا مظاہرہ جاپانی حکومت اور عوام میں کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

تازہ ترین