لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے مسئلہ کشمیر پر متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم ہیں،مسئلہ کشمیر حل کیےبغیر بھارت کے ساتھ مذاکرات ،دوستی اور تجارت نہیں ہوسکتی ،حکومت کشمیر پر جو بھی مستقل پالیسی جاری کرے گی سب سے پہلے ہم اس کی حمایت کریں گے ۔مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کا خصوصی اجلاس طلب کیا جائے ،پاکستان خصوصی طور پر نائب وزیر خارجہ برائے کشمیر مقرر کرے ، مقبوضہ کشمیر میں 12ہزار خواتین کی عصمت دری کے واقعات ہوچکے ہیں ،کشمیر کے پانیوں کی وجہ سے پنجاب کے کھیت لہلہا رہے ہیں اگر یہ پانی رک گیا تو پنجاب ریگستان میں تبدیل ہوجائے گا اور اہلیان پنجاب بھی مہاجرین بنتے نظر آئیں گے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آبپارہ چوک اسلام آباد میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کشمیر آزاد ہوگایا پھر ہم بھی اس راستے میں کام آجائیں گے، کشمیریوں کے ساتھ جیئیںگے اوران کے ساتھ مریں گے ۔8لاکھ سے زائدبھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کا بازار گرم کررکھا ہے ۔پاکستان کی شہ رگ پر دشمن کا قبضہ ہے ہم نے اس دشمن کا مقابلہ بھی کرنا اور پاکستان کو بھی ظالموں سے آزاد کرانا ہے ۔