اوکاڑہ(نمائندہ جنگ) نواحی قصبہ اسلام پور کے قریب لین دین کے تنازعے پر 8ویں جماعت کے طالبعلم کو مبینہ طور پر گڑ بنانے والے جلتی ہوئی کڑاہی میں پھینک دیا گیا، جس کے نتیجے میں بچہ بری طرح جھلس گیا ، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا، تفصیلات کے مطابق عینی شاہدطارق کا کہنا ہے کہ آگ کے شعلوں پر کڑاہی میں گڑ بنایا جا رہا تھا ، ۔اسی دوران وہاں سے8ویں جماعت کا طالبعلم بلال نواز گزرا ۔ کڑاہی پر کھڑے شریف نے بلال کو بلایا اور کہا کہ اس کے والد نواز نے ہمارے پیسے دینے ہیں وہ دے دو ورنہ تمہیں جلتی کڑاہی میں پھینک دیں گے ۔بلال نے کہا کہ پھینک دو جس پر ملزم شریف وغیرہ نے اسے اٹھا کر جلتی کڑاہی میں پھینک دیا ۔جس سے وہ بری طرح جھلس گیا۔اسے تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اوکاڑہ میں داخل کرادیا گیا۔ بلال کے والد نواز کے بقول ملزم شریف کے ساتھ اسکا مویشیوں کی خرید و فروخت کے حوالے سے لین دین ہے اس نے شریف کے20ہزار روپے دینے ہیں۔