• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلمی صنعت کی بحالی کیلئے مراعات پر مشتمل فلم پالیسی بنا رہے ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے گزشتہ روز چین کے نائب وزیر برائے سٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف پریس پبلیکیشن‘ ریڈیو‘ فلم و ٹیلی ویژن ٹونگ گانگ سے ملاقات کی اور انکی جانب سے فلم سازی اور فلم انفراسٹرکچر کے شعبے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کی تجویز کا خیرمقدم کیا ،مریم اورنگزیب نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان فلم کے شعبے میں تعاون کیلئے معاہدہ جلد تیار ہوگا اور اسے حتمی شکل دی جائے گی۔ وزیر مملکت نے بتایا کہ حکومت فلم پالیسی تشکیل دے رہی ہے جس میں پاکستان میں فلم کی صنعت کی بحالی کیلئے مختلف مراعات شامل ہوں گی۔ اس کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب سنیما دیکھنے والوں کیلئے معیاری فلمیں بنا رہا ہے تاہم اسے جدید بنیادوں پر فلم انڈسٹری کو مزید ترقی دینے کیلئے چینی ماڈل اپنانے کی ضرورت ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ چین اس وقت 19 ممالک کے ساتھ فلم سازی میں تعاون کر رہا ہے‘ پاکستان اس سلسلے میں 20 واں شراکت دار بننا چاہتا ہے۔ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہونے والے فلم فیسٹیول میں شرکت کیلئے پرعزم ہے۔ مریم اونگزیب نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبہ مکمل عوامی ہے‘ اس کے سماجی‘ اقتصادی اقدامات سے فائدہ اٹھانے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے چینی نائب وزیر نے مریم اورنگزیب کو بتایا کہ چین سالانہ 700 فلمیں بنا رہا ہے ، چین پاکستان کے ساتھ تجربہ کے تبادلہ کا خواہاں ہے۔ اس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر مسعود خالد اور دونوں اطراف کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔
تازہ ترین