• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اس سے پہلے کہ میں اپنی بات شروع کروں یہ بتانا ضروری سمجھتا ہوں کہ جب تک پاکستان کے چھوٹے صوبوں اور بڑے صوبے یعنی پنجاب کے درمیان ایسا رشتہ پیدا نہیں ہوتا۔ ایسے تعلقات پیدا نہیں ہوتے کہ جس سے کسی کو یہ احساس نہ ہو کہ وہ کسی مجبوری کے تحت اکٹھا رہ رہا ہے اور ملک سے ان کی وابستگی ایسی چیز نہیں جو زبردستی ان پر ٹھونسی گئی ہے تو پاکستان پرسکون نہیں رہ سکتا، نہ ہم چین سے رہ سکتے ہیں اور نہ اس خطہ میں امن و امان پیدا ہوسکتا ہے اور نہ ہی ہم داخلی طور پر خوشگوار تعلقات استوار کر سکتے ہیں۔ جب تک ہم اپنے گھر کے حالات درست نہیں کرتے اس وقت تک ہمیں واضح کامیابی نہیں مل سکتی۔
آج یہ بات ’’نعرہ حق‘‘ بن گئی ہے کہ پنجاب کو کہا جائے، استحصالی صوبہ کہا جائے اور اس کے خلاف ایک ’’بلاول‘‘ پیدا کیا جائے جو پاکستان کو ’’پنجابستان‘‘ کہہ کر اپنے کسی جذبے کی تسکین کا سامان مہیا کرے۔ سچ ہے پنجاب نے ظلم کیا ہے اس کی شناخت گم ہوگئی مگر یہ برف کی سل بنا رہا، اس کی ثقافت کو بے چہرگی کا شکار کیا گیا تو اس نے لمبی تان کر سونے میں عافیت جانی، پنجاب ظالم ہے کہ سندھیوں کے پاس سرکاری و غیر سرکاری سطح پر زبان و ثقافت کی ترقی و ترویج کیلئے رسائل و اخبارات ہیں، پختونخواکے پاس اپنے نصاب میں اپنی شناخت کیلئے اپنی زبان کی سلامتی کیلئے کتب و رسائل اور اخبارات موجود ہیں۔ بلوچستان کے لوگ اپنی تہذیبی اور لسانی تشکیلات کیلئے ہر سطح پر کام کر رہے ہیں۔
پنجاب ’’ظالم‘‘ ہے کہ اس نے اپنی زبان کو کھو دیا، تہذیب گم کردی، ثقافتی بے چہرگی کو قبول کرلیا اور پھر بھی ’’ٹھنڈا ٹھار‘‘ ہے، پنجاب اور پنجابی کا اس سلسلے میں اٹھا ہر قدم اسے غدار ثابت کرنے کے لئے کافی ہے۔ پنجاب ’’ظالم‘‘ ہے کہ اس نے کسی بھی غیر منتخب اقتدار کو قبول نہیں کیا۔ پنجاب ’’ظالم‘‘ ہے کہ ون یونٹ کے پورے عرصہ میں اسے اپنی آبادی اور آمدنی کے تناسب سے ترقیاتی رقوم میں کم حصہ ملتا رہے، یہاں تک کے دوسرے علاقوں کی ترقی کے لئے اس کے وسائل استعمال کیے گئے۔یہی اس غریب اور بے چہرہ پنجاب کا اصل گناہ ہے جسے پاکستان پیپلز پارٹی ان دنوں اپنے مقاصد کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو جیسے لوگ اب انتہا پسندی کی بات کرتے ہیں اور جس کی ایک سزا یہ تجویز کی گئی ہے کہ اس کے کم از کم تین ٹکڑے سرائیکی پوٹھواری اور پنجابی کے نام پر کر دیئے جائیں اور بقول…
ان کے جوہر بھی کھلے اپنی حقیقت بھی کھلی
پنجاب پر مسلسل یلغار کے سبب پی پی پی کے بلاول بھٹو تو کیا بہت سے بزعم خود ’’ترقی پسند‘‘ پنجابی بیرون پنجاب سے لگنے والے ہر جھوٹے سچے الزام کا اسی طرح ساتھ دینے لگتے ہیں جس طرح کہا جاتا ہے کہ پنجابی ہر آنے والے حملہ آور کی پذیرائی کے لئے تیار ہوتے اور اس کے ساتھ ہو لیتے، جھوٹ اور سچ کی توفیق خدا نےان پنجابیوں کو عنایت نہیں کی مگر بھی وہ بڑے فراخ دل، لبرل اور ترقی پسند کہلاتے ہیں۔ ایک وہ پنجابی جو کل تک پنجاب کے ہر بڑے فعل میں برابر کے شریک تھے بلکہ ان بڑے افعال کی ترغیب دینے اور اس پر عمل درآمد کروانے میں پیش پیش تھے۔ آج یہ پنجابی اس احساس جرم میں حصے دار بنے کے بجائے گناہوں کا سارا بوجھ مرکزی پنجاب کے چند اضلاع کے سر پر ڈال کر بری الذمہ ہونا چاہتے ہیں اور اپنے پنجابی ہونے سے بھی انکاری ہیں۔ یہی پنجابی بزعم خود دوسرے صوبوں کے’’ ترقی پسند‘‘ سیاسی گروپوں سے مل کر یہ بھی کہتے ہیں کہ پنجاب میں تین قومیں ہیں۔ پوٹھوار جس سے فوج آتی ہے اور پشتون علاقے سے آنے والی فوج سے مل کر اٹوٹ اکائی بنتی ہے، سرائیکی علاقہ جہاں سے مرکزی پنجاب کو ہمیشہ جاگیردار قیادت میسر آئی یا تھوپی گئی اور مرکزی پنجاب جہاں سے بیوروکریسی نے جنم لیا۔ اگر سرائیکی قومیت، پنجابی قومیت سے الگ ہے تو خضر حیات ٹوانہ سے لے کر موجود گورنر پنجاب کی سیاسی قیادت کے ’’جرائم‘‘ مرکزی پنجاب کے کھاتے میں ڈالنے کا اخلاقی جواز کیا ہے اور یہ بات ذہنوں سے ابھی محو نہیں ہوئی کہ مرکزی پنجاب کی بے چہرہ اور بے نام اکثریت نے نظام میں تبدیلی لانے کے لئے اسلام اور علاقائیت کے سبھی نعروں کو مسترد کر دیا تھا۔ یہ پنجابی بولنے والے مرکزی پنجاب کا کردار تھا جس نے صدیوں پرانی مستند سیاسی ترکیبیات میں رخنہ ڈال دیا اور پاکستان کے اندر گنتی کے خاندانوں کے سیاسی قلعے میں ایک ایسا شگاف ڈالا جس سے تمام قلعدار پریشان ہوگئے۔ میرے حساب سے سرائیکی اور پوٹھوار کی تقسیم سے حالات بدلنے کے بجائے پنجاب میں بھی یوگوسلاویہ جیسی داغ بیل ضرور ڈال دی جائے گی۔ جیسا کہ سب جانتے ہیں جہاں وسائل نہ ہوں وہاں مسائل پیدا ہو جاتے ہیں اور یہ کہ الجھنیں اور دشواریاں اقتصادیات کی کوکھ سے جنم لیتی ہیں۔ میرے حساب سے پاکستانی عوام کی گردنوں پر سوار جاگیردار پیران تسمہ پاکواتار پھینکیں، یہ معاملات اپنی موت آپ مر جائیں گے۔
اصل مسئلہ پنجاب کو اس کی غلامی سے نکالنا ہے اگر کسی قوم سے اس کی زبان چھین لی جائے تو وہ غلام بن جاتی ہے اور غلام کو جو بھی گالی دی جائے وہ الحمدللہ اور شکر خیال کر کے تسلیم کر لیتا ہے۔ غلام خود کو گالی ہی نہیں دیتا، اپنے منہ پر طمانچے مارنے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔ غلام پنجاب کا پاکستان بننے کے بعد کوئی ترجمان اور پرسان حال پیدا نہیں ہوا جس کی وجہ سے بلاول جیسے لوگوں نے راگ الاپنے شروع کر دیئے ہیں جن کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں، اس سیاسی مشاعرے میں وہ پنجاب پیپلز پارٹی کے لوگ بھی شامل ہوگئے ہیں جن کو پنجابی میں ماہ و سال کے نام بھی نہیں آتے۔ ایسی صورتحال میں پنجابی کو ذریعہ تعلیم بنانے کا مطالبہ اور پنجاب و پنجابی کی الجھی ہوئی بے چہرہ شناخت کو نمایاں کرنے کی جائز خواہشوں اور کوششوں پر پی پی پی اور ایم کیو ایم (سبھی گروپ) کا منفی ردعمل کیا کچھ ظاہر نہیں کرتا۔ کل تک پنجابی کو اردو کی ماں ماننے والے اب اس کے تین ٹکڑے کر کے اسے بے گور و کفن چھوڑنے کی بات کر رہے ہیں۔ کیا پنجاب کو اس کے برے بھلے کارناموں کی( جس میں پنجابی شاعروں، ادیبوں، دانشوروں اور صحافیوں کی طرف سے اردو کے لئے بے بہا خدمات بھی شامل ہیں) یہ سزا ملنی چاہئے؟
سوال بہت اہم ہے اور اس کا جواب بھی اتنی ہی اہمیت اور سنجیدگی و باریکی سے تلاش کرنا پڑے گا۔ میں بھی سوچتا ہوں آپ بے سوچئے۔
آگے جبین شوق تجھے اختیار ہے
یہ دیر ہے یہ کعبہ ہے یہ کوئے یار ہے

تازہ ترین