لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے ملک پر ظالمانہ استحصالی اور کرپشن کا نظام مسلط ہے،یہاں 70سال جمہوریت کے لبادے میں مارشل لاءمسلط رہے، سیکولر ازم اور لبرل ازم کے نعرے لگانے والے حکمرانوں نے ملک کے نظریاتی تشخص کو شدید نقصان پہنچایا،عام آدمی تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف سے محروم ہے،سودی نظام نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے ،ہم کرپشن اور جہالت فری پاکستان چاہتے ہیں جو صرف نظام مصطفیؐ کے نفاذ ہی سے ممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ ملک اندرونی اور بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے۔شخصی آمریت نے تمام ریاستی اداروں کو تباہی و بربادی سے دوچارکردیا ہے۔