لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نےملتان کا دورہ کیا اورساڑھے 5ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے صحت کے منصوبوں کا افتتاح کردیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کیاہے ، الیکشن سے قبل ملتان میں نشتر ہسپتال 2 کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیں گے ، اگلے 5سالوں میں پاکستان میں ترقی وخوشحالی کا انقلاب برپا کر دینگے،عمران جھوٹوں کا آئی جی اور زرداری قومی دولت لوٹنے والا لٹیرا ہے، انہیں کبھی ووٹ نہ دینا، پاکستان کے عوام با شعور ہیں اور2018ء کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ( ن) کو کا میاب کرائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے ملتان پہنچنے پر پہلے گورنمنٹ شہباز شریف ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا پھرچلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے نئے بلاک کا افتتاح کیا- منصوبے کے تحت چلڈرن ہسپتال میں 150 بستروں کا اضافہ ہوا ہے ۔انہوں نے نشتر ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ برن یونٹ اور ریجنل بلڈ سنٹرکے علاوہ جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے ملتان انسٹی ٹیوٹ آف امراض گردہ ، ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری،میڈیسن کے ویئر ہائوس اور کولڈ چین سٹور کا بھی افتتاح کیا- وزیر اعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے افتتاح کے بعد ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا ، وہ مختلف وارڈز میں گئے، مریضوں کی عیادت کی اورہسپتال میں مہیا کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا-شہباز شریف نے صحت کے متعدد منصوبوں کے افتتاح کے بعد کڈنی سنٹر ملتان میں ایک اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج میں نے ملتان میں ساڑھے 5ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے صحت کے منصوبوں کا افتتاح کیاہے اور میں ان منصوبوں کی تکمیل پر علاقہ کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔ معیاری علاج معالجے کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے وسائل دیئے گئے ہیں ،جنوبی پنجاب میں صحت عامہ کی سہولتوں کو بہتر سے بہتر بنایا جا رہا ہے اور ہم نے وسائل کو اپنے پائوں کی زنجیر نہیں بننے دیا۔ وسائل دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے نچھاور کئے ہیں، آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ برن یونٹ کے قیام سے مریضوں کو علاج معالجے کی سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتیں میسر آئیں گی۔ برن یونٹ کا قیام جنوبی پنجاب کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے ہم نے پورا کیا ہے۔-انہوں نے کہاکہ کڈنی سنٹر میں ڈائیلسز کی 40مشینیں موجود ہیں جو سب کی سب مصروف ہیں تاہم میں یہاں 100مزید ڈائیلسز مشینیں فراہم کرنے کا اعلان کرتا ہوں- یہ مشینیں فوری طور پر خریدی جائیں اگر پاکستان میں دستیاب نہیں تو میں یہ مشینیں ہوائی جہاز سے منگوائوں گا تاکہ سٹیٹ آف دی آرٹ بنائے گئے اس ہسپتال سے دکھی انسانیت کو بھرپور فائدہ ہو-انہوں نے کہاکہ چلڈرن ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری موجود ہے ، ادویات بھی ہیں ،ڈاکٹرز بھی ہیں، اگر اس میں کسی چیز کی کمی ہے تو و ہ دل کے سرجنز کی ہے،میں انتظامیہ سے کہتا ہوں کہ بچوں کے دل کی سرجری کے لئے ماہر ڈاکٹرز فی الفور ہسپتال میں لائے جائیں -میں دوہفتے کا وقت دیتاہوں او راگر آپ دل کے سرجنز نہ لا سکے تو تیسرے ہفتے میں خود لے آئوں گا- بچوں کے دل کی سرجری کے لئے جہاں سے بھی ہارٹ سرجنز ملیں انہیں یہاں لے کر آئیں - اگر اللہ تعالی نے ہمیں دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو سی ٹی سکین ،موبائل ہیلتھ یونٹس اور دیگر منصوبے پنجاب کی طرح آزاد کشمیر سمیت پاکستان کے تمام صوبوں میں شروع کریں گے- انہوں نے کہاکہ الیکشن سے قبل ملتان میں نشتر ہسپتال 2 کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیں گے اور اگر ہمیں دوبارہ موقع ملا تو اس ہسپتال کو ایک سال کے اندر مکمل کریں گے اور اسے دنیا کا بہترین ہسپتال بنائیں گے -انہوں نے کہاکہ زرداری صاحب کی زبان درازی پر افسوس ہے ،انہوں نے غریب قوم کی دولت لوٹی ، اب وہ کہہ رہے ہیں کہ میں لوٹی ہوئی دولت واپس لائوں گا -زرداری صاحب! آپ کی خیریت اسی میں ہے کہ آپ اس قوم کی لوٹی ہوئی دولت خود واپس لے آئیں ورنہ ہم اسے واپس لائیں گے-دوسری جانب خان صاحب ہیں جو دن رات جھوٹ بولتے ہیں، الزام تراشی کرتے ہیں اور لغوزبان استعمال کرتے ہیں-