وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے شنگھائی فلم گروپ کی نائب صدر چنگ پنگ ژو سے ملاقات کی اور کہا کہ پاکستان آئندہ سال شنگھائی اور بیجنگ میں ہونے والے فلمی میلوں میں شرکت کرے گا۔
ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے درمیان براڈ کاسٹنگ، فلمی مواد کے تبادلے، مشترکہ فلم سازی، فلم اکیڈمی اور اسٹوڈیو کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان چینی فلمی صنعت کے ساتھ فلم سازی میں نئے امکانات پر کام کرنے کا خواہاں ہے، آئندہ ماہ پاکستان میں نئی فلم پالیسی کا اعلان کر دیا جائے گاجبکہ فلم پالیسی کی تشکیل میں ہم چینی ماڈل سے مستفید ہو رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نےمزید کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پورے خطے کے لئے ایک نئے دور کا آغاز ہےاور یہ عوامی رابطے کی ثقافتی راہداری بھی ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی تاریخ اور ثقافت سے مزین ہے، ون بیلٹ ون روڈ انیشی ایٹو سے نہ صرف چین بلکہ خطے اور دنیا میں خوشحالی آئے گی جبکہ سی پیک کی کامیابی کے لئے ثقافت، ورثہ اور زبان سمجھنا ضروری ہے۔
نائب صدر شنگھائی فلم گروپ نے کہا کہ پاکستان چینی فلموں کے لیے ایک بڑی مارکیٹ ہے، چینی فلمیں پاکستانی سینما گھروں میں دکھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور پاکستانی فلموں کو بھی چینی سنیما گھروں میں دکھانے کے بھی خواہاں ہیں۔