سکھر میں بائیجی کے علاقے میں گائوں کے وڈیروں کے حکم پر کاروکاری کے الزام میں 19 سالہ ظہیراں کو سگے بھائی نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
ایس ایس پی امجد شیخ کے مطابق چند روز قبل پیش آئے اس واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی، تاہم پولیس نے تفتیش شروع کی تو مقتولہ کے 72 سالہ باپ نے قتل کا الزام خود پر لے لیا۔
مزید تفتیش کے بعد انکشاف ہوا کہ وڈیروں کے حکم پر پہلے بوڑھے باپ نے فائرنگ کرکے بیٹی کو مارنا چاہا مگر وہ ایسا نہ کرسکا جس پر مقتولہ کے بھائی نے فائرنگ کرکے بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس نے باپ اور بھائی سمیت وڈیرے رحیم بخش، وڈیرے منیر احمد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ واقعے میں ملوث ایک وڈیرہ فرار ہوگیا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایس ایس پی کے مطابق گرفتار تمام ملزمان نے لڑکی کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔