کوہاٹ(نمائندہ جنگ)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس نے دسمبر 2017میں ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ میں کوہاٹ میں پولیو کے وائرس کا ماحولیا تی سیمپل پازیٹیو نکلنے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات اٹھائیں اور لاپرواہی برتنے والوں کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف فوری ایکشن لیں،انہوں نے واضح کیا کہ پولیو ایک اہم قومی مسئلہ ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنا ناممکن ہے،یہ ہدایا ت انہوں نے گزشتہ روزاپنے دفتر میں انسداد پولیو سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں، جس میں ڈی ایچ اوکوہاٹ،ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس کو بتایا گیا کہ مذکورہ سیمپل مقامی نہیں بلکہ کابل، قندہاراور راولپنڈی کے وائرس سے مماثلت ہے اور ممکن ہے کہ یہ وہاں سے منتقلی کے دوران آیاہوتاہم جنوری 2018ء میں ماحولیاتی سیمپل نیگیٹیو ہوگیاہے اور بہت جلد اس کی باقاعدہ رپورٹ جاری کردی جائے گی۔اجلاس کو کل 12فروری سے شروع ہونے والے پولیو کے 4روزہ مہم کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اورمہم کو کامیاب بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایاگیا۔