مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوام کے فیصلوں کی توہین ہوتی ہے تو ان کے فیصلے بھی سخت ہو جاتے ہیں، عوام نے واضح کردیا کہ ووٹ کا تقدس پامال نہیں ہونے دیں گے، نوازشریف کی قیادت میں ووٹ کی حُرمت کا کارواں منزل پر پہنچ کرہی دم لے گا۔
لودھراں کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کی جیت پر مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عوام کے وزیر اعظم کو نکالا جائے تو وہ بھی نوٹس لیتے ہیں، عوام کا فیصلہ واضح ہے، ووٹ کو عزت دو، عدل کو بحال کرو اور عوام کے فیصلوں کا احترام کرو، یہ نظریہ نواز ہے جو دلوں میں گھر کر گیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ روک سکو تو روک لو، عوام کے سارے فیصلے ایک ہی اعلان کررہے ہیں کہ نواز شریف اہل ہے، نوازشریف دِلوں میں بستا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام کے شعور سے مت کھیلنا، وہ مہروں کو نہیں، شیروں اور دلیروں کو ووٹ دیتے ہیں۔