لندن (نیوز ڈیسک) پاکستان کے وزیر داخلہ احسن اقبال نے پاکستانی اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ملک کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرگرمی کے ساتھ توانائی اور ربط کاری کے منصوبے شروع کر رہا ہے جس کے لئے زرمبادلہ کی ضرورت ہے۔ سمندر پار پاکستانی ملکی برآمدات کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان لانے کے لئے باقی دنیا اور ملک کے درمیان تعلقات بڑھا کراور سرکاری ذرائع سے اپنی زائد بچتیں بھیج کر قابل قدر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی تارکین وطن کی جانب سے پاکستان کی ترقی اور پیش رفت میں اہم کردار ادا کرنے کو سراہتے ہوئے انہیں پاکستان میں نئے بزنس اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کی پیشکش کی۔ وزیر داخلہ پاکستان ہائی کمیشن لندن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ ڈنر سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہوں نے پاکستانی تارکین سے خطاب اور سوالات کے جواب دیئے۔ پاکستان کی صورت حال کا جائزہ پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کی بہتری، متاثر کن اقتصادی ترقی اورجمہوری اداروں کے استحکام کے نتیجے میں حالات تبدیل ہو رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ چار سال قبل دنیا ہمیں دنیا کا خطرناک ترین علاقہ کہہ رہی تھی، آج پاکستان کو دنیا میں تیزی سے ابھرنے والی معیشتوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی ترقی کی بنیاد پر علاقے کے ممالک کو باہم جوڑنے کی علامت ہے اور وژن 2025کا ایک اہم حصہ ہے۔