لندن (نیوز ڈیسک) پاکستان کے وزیر داخلہ احسن نے گزشتہ روز لندن میں برطانوی وزیر خارجہ بورس سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے وسیع تر امور پر تبادلہ خیالات کیا، احسن اقبال نے وزیر خارجہ بورس جانسن کو پاکستان کی اقتصادی اصلاحات، پاکستان میں سیکورٹی کی صوت حال بہتر بنانے کے حوالے سے حکومت کی کوششوں، شاندار اقتصادی ترقی اور جمہوری اداروں کے استحکام کے حوالے سے بریفنگ دی، انھوں نے کہا کہ پاکستان تجارتی شراکت دار ملک کی حیثیت سے برطانیہ کے کردار کو بڑی اہمیت دیتا، انھوں نے برطانوی وزیر خارجہ کو پاکستان سے دہشت گردی کی بیخ کنی کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کی تفصیلات بتائیں، وزیر خارجہ بورس جانسن نے پاکستان کے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کی تعریف کی اور تسلیم کیا کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کی بڑی صلاحیت اور گنجائش موجود ہے بورس جانسن نے اس خطے میں قیام امن کیلئے خاص طور پر پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی پالیسی کی تعریف کی انھوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات قائم ہیں اور ان کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے برطانیہ کی امیگریشن سے متعلق امور کی وزیر کیرولن نوکس سے بھی ملاقات کی اور ان سے پاک برطانیہ تجارت، طلبہ کے ویزوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیالات کیا۔ انھوں نے خاص طور پر پاکستانی طلبہ اور تاجروں کو برطانوی ویزا کے حصول میں پیش آنے والی مشکلات سے آگاہ کی۔ کیرولن نے وزیر داخلہ کویقین دلایا کہ وہ اس معاملے کو دیکھیں گی اور پاکستان طلبہ اور تاجروں کوممکنہ حد تک زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان براہ راست تعلقات تجارت کے فروغ کیلئے ویزا کی دشواریاں ختم کرنا ہوں گی، احسن اقبال نے وزیر تجارت و خزانہ جون گلین سے بھی ملاقات کی اور معیشت اورمالیات سے متعلق امور پر تفصیل کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ قبل ازیں انھوں نے سٹریٹیجک سٹڈیز کے بین الاقوامی انسٹی ٹیوٹ میں مستقبل کے بارے میں پاکستان کے ویژن کے زیر عنوان تقریر کی، اس موقع پر اجتماع میں تھنک ٹینک کے عمائدین، کمیونٹی کے دانشوروں، پالیسی سازوں ور سیاسی تجزیہ کاروں کے علاوہ سفارتی برادری کے لوگوں نے بھی شرکت کی، اپنی تقریر میں انھوں نے پاکستان کی اقتصادی صورت حال، سیکورٹی میں بہتری ور علاقائی صورتحال پر روشنی ڈالی جبکہ شام کو انھوں نے لندن کے پاکستانی سفارتخانے میں ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا، انھوں نےاپنے دوروزہ دورہ لندن کو انتہائی کامیاب قرار دیا اور بتایا کہ اس دورے کے نتیجے میں انھیں برطانوی رہنمائوں، پاکستانی کمیونٹی، تھنک ٹینک، برٹش پاکستانی پارلیمنٹرینز اور میڈیا سے بات چیت کا موقع ملا۔