اسلام آبا د( ایجنسیاں ) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے سینٹ انتخابات میں ووٹوں کی خریدو فروخت کا معاملہ قومی اسمبلی میں زیر بحث لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت کیلئے منڈی لگی ہوئی ہے،بکریوں کی طرح ارکان کو خریدا جارہا ہے‘ سیاسی جماعتوں کی طرف سے ایسے لوگ کھڑے کئے گئے ہیں کہ جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں‘بعض ٹیکنو کریٹس کی ڈگریوں کا بندوبست کرنے کا کہا گیا ہے‘مجھے میڈیا پر غدار ابن غدار کہا گیا، لارڈ نذیر نے میرے حوالے سے کہا کہ میں بھارت گیا اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ملا، میں کہیں نہیں گیا پا کستا ن میں موجود تھا،مجھ پر الزام لگانے والوں کے والدین انگریزوں کے گھوڑے پالتے رہے ، میں وطن فروش اور ضمیر فروش نہیں ہوں ۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر بات کر تے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کسی وزیر نے مناسب نہیں سمجھا کہ یہ بتا دیں کہ ہمارے خلاف کیا ہو رہا ہے کوئٹہ میں چار سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔