گجرات میں عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ اسپتال کی انتظامیہ نے حاملہ خاتون کو داخل کرنے سے انکار کردیا ، خاتون نے اسپتال کے باہر بچی کو جنم دیا،جس پر اسپتال کے ایم ایس نے دو لیڈی ڈاکٹرز کو معطل کردیا۔
متاثرہ خاندان کے مطابق اسپتال کی خاتون ڈاکٹر نے حاملہ خاتون کو وارڈ میں داخل کرنے سے انکار کرتے ہوئے اسے سی ایم ایچ کھاریاں کینٹ ریفر کیا تھا تاہم خاتون نے اسپتال کے باہر ہی بچی کو جنم دےدیا۔
صورت حال پر خاتون کے لواحقین نے احتجاج کیا ، جس کے بعد اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فاروق شاہد نے دو لیڈی ڈاکٹرز کو معطل کردیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد اگلے 24 گھنٹوں میں ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔