خیرپورناتھن شاہ(نامہ نگار) سندھ اسمال انڈسٹریریل ایریا دادو میں کروڑوں روپئے کی لاگت سے بیروزگار نوجوانوں کو ٹریننگ دینے کیلئے قائم کیا گیا ووکیشنل ٹریننگ سینٹر جس میں سیکڑوں نوجوانوں کو لیتھ مشین،الیکٹرک اور دیگر کاموں کیلئے تربیت دی جاتی تھی تاکہ بیروزگار نوجوان ہنر سیکھ کر اپنا روزگار حاصل کر سکیں اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں اطلاعات کے مطابق متعلقہ انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے کافی عرصہ سے بند کر دیا گیا ہے جبکہ سینٹر کے بند ہوجانے کی وجہ سےضلع کے سیکڑوں بیروزگار نوجوان فنی تربیت سے محروم ہوگئے ہیں۔ سینٹر میں موجود لاکھوں روپئے مالیت کی قیمتی مشینیں بھی غائب ہوجانے کی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔دریں اثناء سینٹر میں ٹریننگ حاصل کرنے والے نوجوانوں نے کہا ہے کہ وہ ٹریننگ کے دوران روزانہ کی بنیاد پر ملنے والے دوسو سے پانچ سو روپئے کے وظیفہ سے بھی محروم ہوگئے ہیں۔انہوں نے جلد از جلد سینٹر کو کھولنے کا مطالبہ کیا۔