اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ صحافیوں نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر آمریت کے خلاف جدوجہد کی، حق و سچ لکھنے کی پاداش میں صحافی اگر کسی ریاستی ستون سے عدم تحفظ کا شکار ہیں تو یہ قابل تشویش ہے۔ ہم پہلے بھی حق و صداقت پر قائم رہے اور اب بھی اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ یہ جدوجہد صرف آزادی صحافت نہیں بلکہ فوجی آمریت کے خلاف اور حق و انصاف کی جدوجہد ہے۔ صحافیوں نے مشکل حالات کے باوجود اپنی جدو جہد جاری رکھی اور اس راہ میں کئی صحافی شہید ہوئے، کوڑے کھائے، یہ راستہ کٹھن اور مشکل ضرور ہے مگر بہت عظیم ہے۔ بدھ کو نیشنل پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ نے کہا کہ آج صحافیوں کا تحفظ سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔