کوہاٹ(نمائندہ جنگ)کوہاٹ کے نیم قبائلی علاقہ ایف آر جواکی میں زیر تعمیر داخلی گیٹ منہدم ہونے سے 6مزدور جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ المناک واقعہ ایف آر جواکئی روڈ پر شین ڈھنڈ خاصہ دار چیک پوسٹ پر زیر تعمیر باب جواکی پر جاری کام کے دوران اچانک ایک ستون گرنے کے باعث رونما ہوا۔موقع پر کام کرنیوالے آٹھ مزدور ملبے تلے دب گئے۔پولیس اور مقامی لوگوں نے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا۔ کوہاٹ کے نیم قبائلی علاقہ ایف آر جواکی میں علاقے کے داخلی راستے پر زیر تعمیر باب جواکی اتوار کے روز اچانک اسوقت منہدم ہوگیاجب اس پر جاری کام کے دوران ایک ستون دھڑام سے گرگیا۔باب جواکی منہدم ہونے کے واقعے کے دوران گیٹ پر کام کرنیوالے آٹھ مزدور نیچے گر کر ملبے تلے دب گئے جن میں سے چھ مزدور محمد بلال سکنہ چورلکی شادی پور،فضل رحمان سکنہ ماموزئی اورکزئی ایجنسی،ستامین سکنہ مردان،زاہد نور سکنہ مسلم آباد شاہ پور،کریم خان اور سیف اللہ ساکنان گھمکول افغان مہاجر کیمپ موقع پر جاں بحق جبکہ دو مزدور نعمت خان سکنہ گھمکول کیمپ اور الف خان سکنہ شین ڈھنڈایف آر جواکی شدید زخمی ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر سرکل ظاہر شاہ بھاری پولیس نفری کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور مقامی افراد کیساتھ مل کر بروقت امدادی کاروائیاں شروع کرکے جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال کر کوہاٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ڈی اے ہسپتال منتقل کردیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعدلاشوں کو لواحقین کے حوالے کرکے اپنے آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا جبکہ زخمیوں کو علاج کی غرض سے ہسپتال داخل کرادیا گیا۔ادھر ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس نے واقعے کی تحقیقات کے احکامات جاری کرتے ہوئے زیر تعمیر منصوبے کے ٹھیکیدار ابرار کی گرفتاری کا بھی حکم دیدیا ہے۔ذرائع کے بقول فاٹا کے ایم این اے قیصر جمال کے فنڈ سے تعمیر ہونیوالے باب جواکی کی تخمینہ لاگت اڑھائی کروڑ رپے ہے جو تعمیر کے دوران ہی گر کر ملیامیٹ ہوگیا ہے اور چھ قیمتی جانیں بھی ضائع ہوگئی ہیں۔