پشاور(نیوز رپورٹر) پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے وکلاء کو کارپارکنگ سے متعلق درپیش مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سے رابطے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس حوالے سے سینئر اور جونئیر وکلاء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ خبر دار کیا ہے کہ اگر اس مسائل پر توجہ نہ دی گئی تو وکلاء سخت اقدام پر مجبور ہو جائیں گے ۔ پشاور ہائی کورٹ بار کا ایک ہنگامی اجلاس گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ بار کے صدر ارباب عثمان ایڈوکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس سے سینئر قانون دان بیرسٹر ظہور الحق ‘ پشاور ہائیکورٹ بار کے جنرل سیکرٹری رحمان اللہ اور دیگر وکلاء نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت پشاور کے وکلاء کو ہائی کورٹ میں پارکنگ سے متعلق شدید مسائل کا سامنا ہے حالانکہ ہائی کورٹ سے متصل نشتر ہال کے ساتھ ہی زمین پر ایک ملٹی سٹوری پارکنگ ایریا تعمیر ہو سکتا ہے جس کیلئے تمام وکلاء نے متعدد بار حکومت اور ہائی کورٹ انتظامیہ کو درخواستیں دیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور یہ مسائل روز بروز بڑھ رہے ہیں لہٰذا اس مسئلے کو فوری حل کیا جائے اجلاس کے اختتام پر وکلاء نے ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے وکلاء پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جو اس حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے ساتھ ملاقات کریگی اور صوبائی حکومت کو بھی آگاہ کرے گی ۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ اگر وکلاء کے مسائل پر توجہ نہیں دی گئی تو وہ احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے جس میں عدالتوں سے بائیکاٹ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ۔