بھارت کے معروف کامیڈین اور اینٹرٹینر کپل شرما کی مالی دولت کی تفصیلات پہلی بار منظرِ عام پر آ گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل شرما کی مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 300 کروڑ بھارتی روپے لگایا گیا ہے، جس کے بعد وہ بھارتی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے امیر ترین فنکاروں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔
پنجاب سے تعلق رکھنے والے کپل شرما کو والد کی موت کے بعد کم عمری میں ہی گھریلو ذمہ داریاں سنبھالنا پڑیں، ابتدائی دنوں میں انہوں نے ایک پی سی او بوتھ اور ٹیکسٹائل مل میں معمولی ملازمتیں بھی کیں، تاہم ان کی زندگی اس وقت بدل گئی جب انہوں نے دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج جیتا۔
اس کامیابی نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا اور کامیڈی سرکس اور کامیڈی نائٹس ود کپل جیسے مقبول شوز کے دروازے کھل گئے۔
کپل شرما کے کیریئر کو نئی بلندی اس وقت ملی جب انہوں نے نیٹ فلکس کے شو دی گریٹ انڈین کپل شو کی میزبانی شروع کی، جہاں وہ مبینہ طور پر فی قسط 5 کروڑ بھارتی روپے تک معاوضہ وصول کرتے ہیں۔
ٹی وی کے علاوہ وہ فلمی دنیا میں بھی سرگرم ہیں، ممبئی میں مقیم کپل شرما لگژری رہائش گاہوں، قیمتی گاڑیوں کے مالک ہیں اور کینیڈا میں ایک کیفے بھی چلا رہے ہیں۔