اوکاڑہ( این این آئی) پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں پولیس نے اپنے مکان پر بھارتی پرچم لہرانے پر ایک شخص کو گرفتار کرلیا ، پولیس نے عمر دراز کے خلاف 16ایم پی او اور 123اے کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں تھانہ صدر کی پولیس نے بھارتی پرچم لہرانے کی اطلاع ملنے پر گائوں چک 54/2Lمیں ایک شخص عمر دراز ولد لیاقت علی کے گھر پر چھاپہ مارا۔چھاپے کی اطلاع پر عمر دراز موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے چند گھنٹے کی کوشش کے بعد اسے گرفتار کرلیا۔اوکاڑہ کے صدر تھانہ سرکل کے ایک اہلکار نے نام نہ بتانے کی شرط پر برطانوی نشریارتی ادارے کو بتایا کہ عمر دراز نامی شخص کوگزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا اور عدالت میں پیش کیا گیا اور عدالت نے عمر کا جوڈیشل ریمانڈ دے دیا۔پولیس اہلکار کے مطابق عمر دراز کے خلاف 16ایم پی او اور 123اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔گرفتار شخص کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے بلے باز ویرات کوہلی کا مداح ہے اور اس نے اپنے مکان کی دیواروں پر اس کی تصاویر بھی لگا رکھی ہیں۔تاہم اب اسے احساس ہوگیا ہے کہ اس نے بھارتی کا پرچم لہرا کر غلطی کی-