اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت 26 فروری تک ملتوی کردی۔ گواہ نے کہا کہ اسحاق ڈار نےدو کنال کے پلاٹ کیلئےساڑھے 23 لاکھ روپےجمع کرائے، تبسم اسحاق ڈار اور علی مصطفیٰ ڈار کے پلاٹس کیلئے اتنی ہی رقم جمع کرائی گئی،دورانِ سماعت استغاثہ کے گواہ انعام الحق کا بیان قلمبند کر لیا گیا جبکہ نیب کی جانب سے اسحاق ڈار کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر نہ ہو سکا۔ جمعہ کو سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس تیار ہے مجاز اتھارٹی نے منظوری بھی دے دی ہے لیکن آج نواز شریف کیس کی بھی سماعت ہے اس لیے آج جمع نہیں کرایا،پیر کے روز ضمنی ریفرنس دائر کریں گے۔ سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ انعام الحق کا بیان ریکارڈ کیا گیا جو الفلاح کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ہیں۔ گواہ نے بتایا کہ اگست 2017 میں بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر الفلاح ہاؤسنگ سوسائٹی کی ذمہ داریاں سر انجام دے رہا تھا۔