سکھر (بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن اور عام انتخابات اپنے وقت پر ہونگے، میں نہیں سمجھتا کہ سینیٹ الیکشن منسوخ ہونگے، لوگ کہتے ہیں کہ سیاست دان جاہل ہیں‘ گالم گلوچ کی سیاست، سیاست نہیں ہے‘ آج کے سیاست دان اس وقت تک خود کو سیاست دان نہیں سمجھتے جب تک وہ سلطان راہی نہ بن جائیں‘ میں کچھ لفظ کہنا نہیں چاہتا،یہ کام میڈیا کا ہے، میڈیا سیاست دانوں کولڑاناچاہتا ہے‘ہم نے عدالتی فیصلے تسلیم کئے ‘نوازشریف کو بھی فیصلے مانناپڑیں گے اور اداروں کا احترام کرناپڑے گا‘پیپلزپارٹی فرینڈلی اپوزیشن کا کردارادانہیں کررہی ۔ وہ آئی بی اے سکھر میں منعقدہ دوسری انٹرنیشنل بزنس کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اداروں کو اپنے دائرہ کارمیں رہ کرکام کرنا ہوگا‘ عدالت کے فیصلے کبھی ہم دے دیتے ہیں تو کبھی عدلیہ پارلیمنٹ کے فیصلے دے رہی ہے‘ملک کی معاشی حالت انتہائی خراب ہے۔