• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام اجتماعی توبہ کر کے آئندہ دیانتدارقیادت منتخب کریں،سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ اگر عوام مسائل کی د لدل سے نکلنا چاہتے ہیں تو اللہ سے اپنے سابقہ گناہوں کی معافی کے لیے اجتماعی توبہ کر کے آئندہ دیانتدار اور خوف خدا رکھنے والی قیادت منتخب کریں ،احتساب کے کٹہرے میں آنے والوں کو منفی پراپیگنڈے کا موقع نہیں ملناچاہیے، احتساب کا عمل اتنا واضح اور شفاف ہونا چاہیے کہ کوئی اس پر انگلی نہ اٹھاسکے اور احتساب کے کٹہرے میں آنے والوں کو منفی پراپیگنڈے کا موقع نہیں ملناچاہیے ،ملک پر مسلط مصنوعی نظام اب مزید نہیں چل سکتا، مختلف سیاسی جماعتوں ، بیوروکریسی ، فوج اور عدلیہ جہاں بھی کوئی کرپٹ چھپا بیٹھا ہو، اس کا احتساب ضروری ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ غربت ،مہنگائی ، جہالت ، بے روزگاری اور بدامنی اس کرپٹ نظام کے تحفے ہیں ۔ ہمارا پہلے دن سے عدالت عظمیٰ سے مطالبہ ہے کہ کرپشن کے خاتمہ کے لیے ایسا میکنزم بنایا جائے کہ کوئی کرپٹ ،خواہ وہ کتنا ہی بااثر اور طاقتور کیوں نہ ہو ، احتساب سے بچ نکلنے میں کامیاب نہ ہو۔
تازہ ترین