کوئٹہ(خ ن)صوبائی وزیر برائے قانون وپارلیمانی امورپراسیکیوشن ، جنگلات و محکمہ امور حیوانات سید محمد رضا نے کہا ہے کہ سبی میلہ 2018 کو شاندار اندازمیں منانے کے لئے تیاریاں زور وشور سے جاری ہیں۔ اس سال بھی سبی و گردنواح سے میلے میں شرکت کرنے والے مالداروں کو سہولتیں فراہم کرنے میں کسی قسم کی کوتاہی کوبرداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میلہ دراصل مالداروں کے مرہون منت ہے اور میلے کی کامیابی کا اصل دارو مدار مالداروں پر ہے جو سارا سال جانوروں کو پالتے ہیں اور انہیں میلے میں لانے کیلئے تیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ میلہ مالداری کے فروغ اور عوام میں جانورپالنے کے شوق کو بڑھانے کا اہم ذریعہ ہے۔محکمہ ہذا میلے کو مزید چار چاند لگانے کے لئے اپنی کاوشیں کرتا ہے اور آئندہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گاکہ ہمسایہ ممالک کی بھی اس اہم میلے میں شرکت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میلے میں سیکورٹی کے انتظامات کے لئے بلوچستان پولیس ، لیویز،پاک آرمی اور فرنٹیئر کور کے ساتھ ملکرکام کررہے ہیں ۔